میسور 27 اپریل (ایس او نیوز) انکھ مچولی کھیلنے کے دوران دو لڑکیاں اس وقت دم گھٹنے سے فوت ہوگئیں جب وہ چھپنے کے لئے آئیس کریم بوکس کے اندر چلی گئیں، جیسے ہی بوکس کا ڈھکن بند کیا، ڈھکن باہر سے لاک ہوگیا۔ یہ اندوہناک حادثہ میسور سے 30 کلو میٹر دور ننجنگڈھ کے مسگیے دیہات میں بدھ کو پیش آیا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دونوں لڑکیاں کھیل کھیل میں آئس کریم بوکس کے اندر چلی گئی تھیں، اور ڈھکن بند کردیا تھا۔ کچھ دیر بعد انہوں نے غالباََ ڈھکن کھولنے کی کوشش کی ہوگی مگر وہ باہر سے لاک ہوگیا تھا۔ آدھے گھنٹے تک جب دونوں کا پتہ نہیں چلا تو آئس کریم بوکس کھول کر دیکھا گیا تو دونوں دم توڑ چکے تھے۔
مہلوکوں کی شناخت مسگے دیہات کے (ناگراجو اور چیک دیوما کی) 12 سالہ لڑکی بھاگیہ اور (راج نائک اور گورما کی) سات سالہ لڑکی کاویا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق ایک ساتھ دو لڑکیوں کی اندوہناک موت سے پورا خاندان سکتے میں آگیا اور گھر والوں نے پولس کو واقعے کی جانکاری دئے بغیر ہی فوری طور پر ان کا انتم سنسکار بھی کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ واردات ننجنگڈھ کے مضافاتی پولس تھانہ حدود میں بدھ دوپہر بارہ بجے پیش آئی۔